برطانیہ اور امریکہ میں کرونا وائرس کی حالیہ لہر نے تیزی اور شدت اختیار کر لی ہے۔ صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں برطانیہ میں تینتیس ہزار افراد کے کورونا ١٩ وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ برطانیہ بھر سے تیرہ سو افراد کی ہلاکت کی بھی قابل افسوس اطلاعات ہیں۔
برطانیہ کے ساتھ ساتھ امریکہ میں بھی کورونا ١٩ وائرس میں ابھی تک کوئی خاص کمی واقع نہیں ہو سکی۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق نئے امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب پر متعین سینکڑوں امریکی سیکیورٹی اہلکار بھی اس خطرناک وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔اگرچہ پاکستان میں کورونا کے وار ابھی کافی حد تک تھمے ہوئے ہیں، تاہم برطانیہ اور امریکہ میں وائرس کے پھیلاؤ کی بڑھتی اطلاعات دنیا بھر کے لئے قابل تفتیش اور پریشانی کا باعث ہیں۔
امید تو یہ تھی کہ برطانیہ، امریکہ اور یورپ کی طاقتور اور مضبوط ریاستیں اس خطرناک کورونا ١٩ وائرس پر جلد قابو پالیتیں، تاہم ایسا نہیں ہو سکا اور اب جیسے جیسے وقت آگے کی جانب جارہا ہے، برطانیہ اور امریکہ کے ساتھ ساتھ تمام یورپ میں بھی اس خطرناک کورونا ١٩ وائرس کی تباہ کاریوں میں شدت آ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے دنیا بھر کی معشیتیں اور نظام مملکت جمود کا شکار دیکھائی دے رہے ہیں۔