شہر اقتدار اسلام آباد Capital City of Islamabad

Faisal Mosque

Faisal Mosque

مکہ ہو یا پھر اسلام آباد، جو بھی شہر اہل حکم کا مرکز اور مسکن ٹھہرے اس شہر کا رعب اور دبدبہ دنیا کے دیگر شہروں کی نسبت کہیں زیادہ اور مختلف قسم کا ہوتا ہے۔ یہی بات شہر اقتدار اسلام آباد کی بھی ہے کہ اسلام آباد کا رعب اور دبدبہ پاکستان کے دوسرے شہروں کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔ اور اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ اہل حکم کی براہ راست نظر اور تحکم شہر اقتدار پر اثر انداز ہو رہا ہوتا ہے۔ سو شہر کی فضا میں ایک عجب طرح کی سی کرختگی اور کھچاؤ کا سماں ہوتا ہے۔

یہ شاید دیکھی اور اندیکھی ذمہ داریوں کا دباؤ ہوتا ہے جس سے اہل حکم بھی گزر رہے ہوتے ہیں اور ان کے زیر اثر براہ راست کام کرنے والے لوگ بھی گزر رہے ہوتے ہیں۔ یہ اندازوں کے ایک ایسے تہمینے ہوتے ہیں جو کسی بھی وقت تخت کو تختہ اور تختے کو تخت بنا دیتے ہیں۔ تاہم اسلام آباد ایک ایسے پر فضا مقام پر بسایا گیا ہے جس کی نظیر دنیا کے چند ہی مقتدر شہروں کو نصیب ہوئی ہے۔ پنجاب کے انتہائی شمال کی جانب اور خیبرپختونخوا کے جنوب میں واقع پاکستان کا دارالخلافہ اسلام آباد واقع ہے۔ پہاڑوں کے درمیان گھرے اسلام آباد کا موسم انتہائی خوشگوار اور سردیوں میں خنکی کافی بڑھ جاتی ہے۔ اسلام آباد میں ایوان صدر، پارلیمینٹ ہاوس، وزیر اعظم ہاؤس، سینٹ، سپریم کورٹ اور بے شمار اہم ترین سرکاری دفاتر اور عمارتیں قائم ہیں۔


ایک اندیکھا سا دباؤ شہر کی فضاؤں میں چھایا رہتا ہے اور اسی دباؤ کا اثر وہاں کے رہنے والے لوگوں کی حرکات و سکنات سے بھی جھلکتا ہے۔ تاہم یہ ان ذمہ داریوں کا دباؤ ہے جو کہ کسی بھی دارالحکومت خاصہ ہوتا ہے۔ تاہم موسم کی رعنائیاں اس دباؤ اور کھچاؤ کی کیفیت کو کافی حد تک کم کر دیتی ہیں اور اسلام آباد کے رہنے والے پرسکون انداز سے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اسلام آباد بحیثیت مجموعی ایک بہت ہی دلکش اور رومانی شہر ہے جس میں ہر طرف پہاڑ اور پہاڑوں پر بڑے بڑے درخت اور سبزہ نظر آتا ہے۔ جس کی وجہ سے اسلام آباد کی فضا بہت ہی صاف اور دلربا ہو جاتی ہے۔

وفاق کے بڑے بڑے دفاتر اسلام آباد ہی میں واقع ہیں۔ اسلام آباد شہر میں کئی ایک انڈسٹریل سٹیٹ بھی واقع ہیں جن میں چھوٹے بڑے انڈسٹریل یونٹس مختلف قسم کی اشیاء کی مینوفیکچرنگ میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ اسلام آباد میں سروسز سیکٹر کے حوالے سے بھی بہت سے ادارے، سافٹ ویئر ہاؤس اور کال سینٹرز وغیرہ کام کر رہے ہیں۔ شہر میں کئی ایک ہاؤسنگ اسکیمیں ہیں جن میں بہت سے پاکستانی اور غیر ممالک میں مقیم پاکستانی اوریجن لوگ رہائش اختیار کر چکے ہیں۔اسلام آباد میں جدید ترین ہوائی اڈا، ریلوے اسٹیشن، میٹرو بس سروس اور شہر بھر میں سڑکوں کا جال بچھا ہے۔ شہر بھر میں لاتعداد اسپتال اور دواخانے ہیں۔ اسلام آباد میں بہت سی سرکاری و نجی یونیورسٹیاں، کالج اور تعلیمی ادارے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کے لوگوں کا معیار زندگی بہت بلند ہے۔

اسلام آباد شہر میں کئی ایک شاپنگ مالز  اور خریداری کے مراکز ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ بہت سی چھوٹی بڑی مارکیٹیں بھی شہر بھر میں قائم ہیں جہاں سے لوگ اپنی ضرورت کی اشیاء خرید سکتے ہیں۔ تعلیم کے حوالے سے اسلام آباد پاکستان میں اولین شہروں میں سے ہے۔ بحیثیت مجموعی اسلام آباد ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر ہے جس میں زندگی کی تمام آسائشیں میسر ہیں۔ پاکستان بھر سے وفاقی سرکاری ملازمین اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر سے لوگ سرکاری امور اور اپنے کاروبار وغیرہ سے متعلقہ معاملات کے حل کے لئے اسلام آباد میں موجود سرکاری دفاتر کا رخ کرتے ہیں۔ بحیثیت مجموعی اسلام آباد ایک شہر اقتدار ہے اور اس کا تحکم شہر کی فضاؤں سے جھلکتا ہے۔

Author

  • Freelance Accountant, Full Charge Bookkeeper, Financial Analyst, and Ex Banker with 15 Years of Professional Experience. Also a Blogger...

Related Post