روشنیوں کا شہر کراچی Glowing City of Karachi

Karachi

Karachi

پاکستان کے انتہائی جنوب میں ساحل سمندر کے کنارے آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور ملک کا سب سے بڑا تجارتی مرکز کراچی واقع ہے۔ کراچی صوبہ سندھ کا دارالحکومت ہے۔ تقسیم ہند کے وقت ہندوستان سے بہت سے مسلمان اپنا گھر بار چھوڑ کر کراچی میں آباد ہو گئے تھے۔ کراچی پاکستان کا دارالخلافہ بھی رہ چکا ہے جسے بعد میں بدل کر اسلام آباد میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ تجارتی اور کاروباری حوالے سے کراچی ہمیشہ سے پاکستان کا اہم ترین شہر رہا ہے۔

پاکستان کی سب سے بڑی بندرگاہ کراچی میں ہی واقع ہے۔ دنیا بھر سے تجارتی سامان کراچی کی بندرگاہ کے رستے پاکستان میں داخل ہوتا ہے اور اسی طرح سے پاکستان سے تجارتی مال کراچی ہی کے رستے دنیا بھر کے ممالک کو ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔ کراچی ہی وہ شہر ہے جس میں پاکستان کی بڑی بڑی کمپنیوں، بینکوں اور اداروں کے صدر دفاتر موجود ہیں۔ کراچی کو بلاشبہ روشنیوں کا شہر قرار دیا جاتا ہے۔ کراچی تعلیم کے حوالے سے بھی پاکستان کا صف اول کا شہر ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق کراچی کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ ہے اور اس لحاظ سے کراچی دنیا بھر کے دس بڑے شہروں کی فہرست میں بھی شمار ہوتا ہے۔ بابائے قوم قائداعظم اور محترمہ فاطمہ جناح کےمزارات کراچی شہر میں ہی واقع ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے بدقسمتی سے روشنیوں کے شہر کراچی کو نامساعد حالات سے گزرنا پڑا اور امن و امان کے حوالے سے مشکلات پیش آنے لگیں۔ تاہم سویلیئن اتھارٹی اور پاکستان کے قومی اداروں کی مشترکہ حکمت عملی سے شہر کا امن و امان واپس لوٹ آیا اور کراچی کے شہریوں کو دوبارہ سے امن نصیب ہو گیا۔

کراچی میں بہت سی ہیوی انڈسٹریز اور لاتعداد چھو ٹے بڑے انڈسٹریئل یونٹس ہیں۔ ان انڈسٹریز اور انڈسٹریئل یونٹس میں فولاد سازی اور متعلقہ انڈسٹریز، کیمیکلز، ٹیکسٹائلز، کھارے پانی سے نمک بنانے کے علاوہ بھی بہت سے کارخانے اور بزنس ہیں۔ کراچی کے مشہور انڈسٹریل پروسیسنگ زونز میں ایکسپورٹ پراسیسنگ کورنگی و اورنگی کے ساتھ ساتھ کراچی ایکسپو سینٹر میں قومی اور انٹرنیشنل سطح کی کاروباری نمائشیں منعقد کی جاتی ہیں۔

کراچی کی مشہور شاہراہوں اور علاقوں میں آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، جوڑیا بازار، برنس روڈ، یونیورسٹی روڈ، کلفٹن، ڈیفینس، بن قاسم، لیاری، ملیر، ہاکس بے، پیراڈائز، کیماڑی اور منوڑہ قابل ذکر نام ہیں۔ جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ کو کراچی اور پاکستان کا فنانشل مرکز قرار دیا جاتا ہے۔ سپورٹس کے حوالے سے نیشنل سٹیڈیم کراچی کے ساتھ ساتھ کراچی میں دیگر بہت سے کھیلوں کے میدان موجود ہیں۔ درحقیقت کراچی منی پاکستان ہے جہاں آپ کو پاکستان کی ہر رنگ و نسل کا شخص نظر آجائے گا۔

Author

  • Freelance Accountant, Full Charge Bookkeeper, Financial Analyst, and Ex Banker with 15 Years of Professional Experience. Also a Blogger...

Related Post